اسلام آباد۔ : نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ ہمارا دینی، اخلاقی اور قومی فریضہ ہے، اس موذی مرض سے ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو بچانا ہے، ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے عزم کے ساتھ انسداد پولیو کی جنگ جیتیں گے،پولیو ورکرز ہمارےاصل ہیرو ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ملک گیر انسداد پولیو مہم کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ نگران وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے بچوں کو پولیوسے بچائو کے قطرے پلا کر 5 روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغازکردیا ہے ۔اس مہم کے دوران 5 سال تک کی عمر کے 4 کروڑ40لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس قومی ہم میں ساڑھے 3 لاکھ پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں جو ہمارے اصل ہیرو ہیں اور فرنٹ لائن ورکرز ہیں۔ حکومت ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر پولیو وائرس کے خاتمہ کے لئے جنگ اپنے بین الاقوامی شراکت داروں مل کر لڑ رہی ہے اور اس موذی مرض سے ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو بچانا ہے۔ یہ ہم سب کا دینی ، اخلاقی اور قومی فریضہ ہے۔ وزیراعظم نے تمام مکاتب فکر کے علما سے اپیل کی کہ وہ آنے والی نسلوں کو اس مرض سے بچانے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ؐ کی خوشنودی اور اپنی آخرت سنوارنے کے لئے حکومت کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کو ہم نے ایسا مشن سمجھ کر پورا کرنا ہے جس سے اقوا م عالم اور امت مسلمہ کی ایسی تصویر پیش ہو کہ جس میں اپنے بچوں کی حفاظت کے لئے بھرپور عزم کا اظہار ہو اور اسی عزم کے ساتھ انسداد پولیو کی جنگ ہم ضرور جیتیں گے